تیسرا ٹی 20 : نیوزی لینڈ کا قومی ٹیم کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف

01:20 PM, 21 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

آکلینڈ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 205 رنز کا ہدف دیا ہے۔

 آکلینڈ میں کھیلے جا رہے اس میچ میں نیوزی لینڈ کو ابتدا میں ہی ایک بڑا دھچکا لگا جب اوپنر فلن ایلن بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہو گئے۔ تاہم، دوسرے اوپنر ٹم سیفرٹ اور مارک چیپمین نے 40 رنز کا قیمتی اضافہ کیا، لیکن سیفرٹ 19 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

مارک چیپمین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ ڈیرل مچل نے 17، جیمی نیشم 3، مچل ہے 9 اور کائل جیمیسن بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہوئے۔ کیوی کپتان مائیکل بریسویل نے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ ایش سودھی نے 10 اور جیکب ڈفی 2 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عباس آفریدی نے 2، 2 وکٹیں لیں، اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں  قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز جیتیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں عباس آفریدی اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ محمد علی اور جہانداد خان کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ وہ میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ سیریز جیتنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں سلمان علی آغا، محمد حارث، حسن نواز، محمد عرفان خان نیازی، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف شامل ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مائیکل بریسویل، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپ مین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، ایش سودھی، مچ ہے، کائل جیمیسن، جیکب ڈفی اور بین سیئرز پر مشتمل ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دو روز قبل ڈونیڈن سے آکلینڈ پہنچی تھی جہاں آرام کے بعد قومی سکواڈ نے میچ کی تیاریوں کے لیے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس کی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔

مزیدخبریں