واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ تعلیم کو بند کرنے کے لیے ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد وزیر تعلیم کو اس عمل کو شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کرنے کی تقریب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی سکولوں کا تعلیمی معیار بہت نیچے گر چکا ہے اور طلبا کو بنیادی تعلیم تک نہیں مل رہی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "یہ محکمہ ہمارے کسی کام کا نہیں، ہم اپنے طلبا کو دوبارہ ریاستوں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں"۔ صدر نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کے پاس بڑی عمارتیں ہیں مگر وہ تعلیم فراہم نہیں کر رہا۔ اب سکولوں کے معاملات ریاستیں خود دیکھیں گی، جس پر ریاستی گورنر نے خوشی کا اظہار کیا۔
صدر ٹرمپ نے معدنیات کی امریکی پیداوار بڑھانے کے لیے یوکرین کے ساتھ معاہدے کی بات بھی کی اور اس کے لیے ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کیے۔
دوسری جانب، ڈیموکریٹس نے محکمہ تعلیم بند کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے کہا کہ اس فیصلے سے اساتذہ، طلبا اور والدین متاثر ہوں گے اور عدالتوں کو اس اقدام کو روکنے کے لیے قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہوگا۔ یاد رہے کہ قانون کے مطابق، محکمہ تعلیم کو بند کرنے کے لیے صدر کو کانگریس سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔