مدینہ منورہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی سعادت حاصل کی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم اور ان کے وفد کے لیے خصوصی طور پر ریاض الجنہ کے دروازے کھولے گئے، جہاں انہوں نے نفل عبادات ادا کیں۔
وزیراعظم نے اُمت مسلمہ کی اتحاد و یگانگت اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت سعودی عرب کے چار روزہ دورے پر ہیں، جس کے دوران انہوں نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک نے باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔