سابق ویمن کرکٹ ٹیم کپتان جویریہ خان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

01:57 PM, 21 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 
 

اس حوالے سے  جویریہ خان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی۔ میں اپنے پورے کریئر میں ملنے والی  حمایت پر شکر گزار ہوں۔خاندان، ٹیم کی ساتھیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے ادراے زیڈ ٹی بی ایل کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔  


جویریہ خان  نے اپنے پندرہ سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ میں کرونیگالا سری لنکا میں کیا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا تھا۔

جویریہ نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور 4,903 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ 

جویریہ خان  نے 28 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جویریہ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں۔ بسمہ معروف کے بعد جویریہ خان ہر فارمیٹ میں 2,000 سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔

جویریہ خان نے 50 اوورز کے چار ورلڈ کپ (2009، 2013، 2017 اور 2022) اور تمام آٹھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ (2009، 2010، 2012، 2014، 2016، 2018، 2020 اور 2023 ) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 

جویریہ پاکستان ویمنز ٹیم اسکواڈ کا بھی حصہ تھیں جنہوں  نے  چین اور جنوبی کوریا میں منعقدہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

جویریہ نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی۔جویریہ خان نےخواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دو ایڈیشنز (2018 اور 2020) میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

کراچی میں پیدا ہونے والی 35 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ سال اگست میں لاہور میں ہونے والے پی سی بی لیول 2 کرکٹ کوچ کورس میں بھی حصہ لیا تھا۔

مزیدخبریں