سابق صدر آصف زرداری کے خلاف متنازع بیان کیس، شیخ رشید عدالت میں پیش ہوگئے

10:40 AM, 21 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سابق صدر آصف زرداری کے خلاف متنازع بیان کے کیس میں عدالت میں پیش ہوگئے۔

کیس کی  سماعت  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ہوئی ،سماعت کے آغاز پر جج نے سوال کیا کہ کیا شیخ رشید کے خلاف مقدمے کا چالان جمع کروادیا گیا  ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر  کا کہنا تھا کہ  شیخ رشید کے خلاف مقدمے کا چالان عدالت میں جمع ہوچکا ہے۔

شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل آج سپریم کورٹ میں ہیں اس لیے آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکے، مقدمے کو ختم کرنے سے متعلق درخواست بھی دائرکررکھی ہے۔ جس پر عدالت نے شیخ رشید کو حاضری لگاکر جانے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ  سابق صدر آصف زرداری کے خلاف متنازع بیان کیس میں   ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ  نے   شیخ رشید کو آج فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔گزشتہ سماعت پر طبیعت ناسازی کے باعث شیخ رشید عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔پولیس نے شیخ رشید کو اس مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں عدالت سے ضمانت پر رہائی  ملی۔


 

مزیدخبریں