کراچی:حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
کراچی پہنچنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ناجائز حکومت بن رہی تھی تب جہاز بھر بھر کے لائے جا رہے تھے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب لوگ جہاز میں لائے گئے تھے تو اس وقت ضمیر کی آواز کہاں تھی؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناجائز طریقے سے مسلط ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر کرکے دم لیں گے۔