چین کا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، 133 مسافر سوار تھے 

03:48 PM, 21 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

بیجنگ: چین کے صوبے گونگش میں مسافربردارطیارہ گرتباہ ہو گیا جس میں 133 مسافر سوار ہیں تاہم حادثے میں ہلاک اور زخمیوں سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ 
غیرملکی خبرایجنسی نے چینی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ طیارہ کون مینگ سے گوانگزوجارہا تھا جو نامعلوم وجوہات کی بناءپر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں جبکہ ریسکیو عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد گوانگشی میں پہاڑوں پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم حادثے میں ہلاک افراد اورزخمیوں کے بارے میں تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے صرف ایک گھنٹے تک فضا میں دکھائی دیا۔
مقامی میڈیا نے ائیرپورٹ عملے کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلائٹ ایم یو 5735 نے کون مینگ شہر سے ایک بجے اڑان بھری اور اسے 3 بج کر 5 منٹ پر لینڈ کرنا تھا لیکن یہ مقررہ وقت پر اپنی منزل پر نہیں پہنچی۔ 
چینی میڈیا کے مطابق مذکورہ طیارے کی فلائٹ ٹریکنگ بھی 2 بج کر 22 منٹ پر ختم ہو گئی جبکہ اس وقت طیارہ 3 ہزار 225 فٹ کی بلندی پر 376 ناٹیکل مائلز (696 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے پرواز کر رہا تھا۔ 

مزیدخبریں