سینئر صحافی طلعت حسین کا پروگرام شروع کرنے پر نیونیوز، روزنامہ نئی بات کے اشتہارات بند

02:24 PM, 21 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: آزادی صحافت کا دعویٰ کرنے والی حکومت کا پول کھل گیا ۔ سینئر صحافی طلعت حسین کا پروگرام شروع کرنے پر حکومت نے نیو نیوز اور روزنامہ نئی بات کے سرکاری اشتہارات بند کر دئیے ۔

تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی طلعت حسین کا پروگرام بولو طلعت حسین شروع کرنے پر نیونیوز انتظامیہ پر مسلسل حکومتی دباؤ ڈالا جا رہا ہے ، اس کے علاوہ چینل بند کرنے اور مقدمات قائم کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں ۔

سیاسی جماعتوں ، صحافتی تنظیموں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اشتہارات پر پابندی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدام صحافیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن سید طلعت حسین نیو نیوز سے وابستہ ہوئے تھے ۔ نیو نیوز پر پرائم ٹائم میں اُن کا پروگرام ایک نئے انداز میں شروع ہوا ہے جس میں سیاسی ، سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ معاشی ماہرین بھی شریک ہوتے ہیں ۔

خیال رہے کہ طلعت حسین سینئر صحافی ہیں ، وہ کئی صحافتی اداروں میں کام کرچکے ہیں ، ایک نیوز چینل اور اخبار کے ہیڈ بھی رہے ہیں۔

مزیدخبریں