سکول بند رکھنے کا حتمی فیصلہ کب ہو گا؟ وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کر دیا

سکول بند رکھنے کا حتمی فیصلہ کب ہو گا؟ وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر اور ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ بدھ 24 مارچ کو ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے وزراءکا اجلاس نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی میں ہو گا جس میں تعلیمی ادارے کھلے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ 
وفاقی نے تسلیم کیا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک نویت کی ہے اور سنجیدگی سے اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جبکہ بچوں،اساتذہ اورعملے کی صحت اولین ترجیح ہے۔ جمعہ کو پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے بھی کہا تھا کہ صوبے میں کورونا کے حالات کا جائزہ لے کر چھٹیوں سے متعلق فیصلہ کریں گےاور سکولز کھلنے سے پہلے دوبارہ میٹنگ ہوگی۔


واضح رہے کہ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3,667 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایک روز میں مزید 44 افراد وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ سب سے زیادہ 30 اموات پنجاب میں ہوئیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 6، سندھ میں 1، اسلام آباد میں 4 اور آزاد کشمیر میں 3 افراد جان کی بازی ہارے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 843 ہوگئی ہے۔