کورونا وائرس کی تیسری لہر، اسلام آباد میں کتنی دکانیں اور ریسٹورنٹس یل ہوئے؟ 

کورونا وائرس کی تیسری لہر، اسلام آباد میں کتنی دکانیں اور ریسٹورنٹس یل ہوئے؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں انتظامیہ نے کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 660 دکانوں اور 30 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا جبکہ مختلف لوگوں کو ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 30 ریسٹورنٹس کو سیل کئے۔ 
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 660 دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کرایا گیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 مارکیز کو سیل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 52 سکولوں اور 28 مساجد کا بھی معائنہ کیا جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ سے زائد کا جرمانہ کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں بھی خاصا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ناصرف سکول بند کئے جا چکے ہیں بلکہ اس کے علاوہ مارکیٹس، بازاروں، مساجد، شادی ہالز کے حوالے سے بھی ایس او پیز وضع کی گئی ہیں۔ 
یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے پیر کے روز ایک اہم اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاﺅ اور اس سے بچاﺅ کیلئے وضع کردہ ایس او پیز کا جائزہ لیا جائے گا جن میں سختی کا عندیہ پہلے ہی دیا جا چکا ہے۔