اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور خاتون اول بشریٰ بی بی میں کورونا وائرس کی علامات معمولی ہیں اور دونوں کی طبیعت بہتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور حضور نبی کریمﷺ کے صدقے وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی میں کورونا وائرس کی علامات معمولی ہیں اور دونوں کی طبیعت بہتر ہے۔ وزیراعظم اور خاتون اول آپ سب کی دعاﺅں اور نیک خواہشات کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم آج بھی اپنا دفتری کام معمول کے مطابق ویڈیو کانفرنس پر کریں گے۔ ‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جنہوں نے چند روز قبل وائرس سے بچاﺅ کیلئے ویکسین بھی لگوائی تھی تاہم وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان جب کورونا میں مبتلا ہوئے اس وقت ان کی مکمل ویکسی نیشن نہیں ہوئی تھی۔
وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک محض 2 روز قبل لی اور کوئی بھی ویکسین اتنی جلدی اثر نہیں کرتی، ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے 2 سے 3 ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کی تصدیق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے کی اور کہا کہ اللہ پاک وزیراعظم اور خاتون اول کو شفاءعطا فرمائے۔