کراچی: گورنر ہاؤس میں جاپانی اسٹائل ٹری پلانٹیشن کا افتتاح ، گورنر عمران اسماعیل نے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ پلانٹیشن کیلئے گورنر ہاؤس کے عقبی حصے کی ایک ایکڑ جگہ مختص کی گئی ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میا واکی طریقہ کار کے تحت پھل دار اور پھول دار درخت لگائے جائیں گے ، کراچی کو کنکریٹ کے جنگل میں بدل دیا گیا انہوں نے کہا کہ کراچی کو دوبارہ سر سبز خوبصورت شہر بنانا ہے ۔ ہمارا فرض ہے آنے والی نسلوں کیلئے سرسبز پاکستان دیں ۔ اس پروجیکٹ کیلئے تمام متعلقہ ادارے تعاون کر رہے ہیں ۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پی ڈی ایم ہے ہی نہیں ، بات کرنا فضول ہے ، مجھے نہیں لگتا یوسف رضا گیلانی کو کوئی ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی بطور چیئرمین سینیٹ مدت پوری کریں گے ۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی صوبے کی مشاورت سے ہی ہوگی ، پولیس نے حلیم عادل شیخ کیساتھ جانبدارانہ رویہ اپنایا ۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم اور خاتون اول کی وبا سے صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ اربن ٹری پلانٹیشن وقت کی ضروررت ہے ، انڈس ڈیلٹا دنیا کا تیسرا بڑا ڈیلٹا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ ایکڑ پر مینگروز کی پلانٹیشن کر رہے ہیں ، کراچی ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونیوالا شہر ہے ۔
معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ چاہتے ہیں چرند، پرند کراچی شہر میں نظر آئیں ، ماحولیاتی تبدیلی سے بچنے کیلئے اربن فاریسٹ ضروری ہے ۔
بشکریہ : نئی بات