لاہور: قومی کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز بہت اہم ہے ، 2 پریکٹس سیشن بھی ہوئے جس سے فائدہ ہوگا ۔ انجری کی وجہ سے پرفارمنس نیچے گئی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے ، کرکٹ کے علاوہ ہماری کوئی بات نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر ٹیم برابر ہوتی ہے ۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری بھی کر رہے ہیں ، انجری کی وجہ سے پرفارمنس نیچے گئی ، مکمل فٹ ہوچکا اب بولنگ میں ویسا ہی نظر آؤں گا جیسا پہلا آتا تھا ۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ میں اچھا کھیلیں گے ، ساؤتھ افریقہ کو ہرایا ہوا ہے لیکن آسان نہیں لیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے سلیکشن پر اختلافات کی باتیں ہو رہی ہے ، ناموں پر بحث ہوتی ہے اور یہ ہونی چاہیے ، میں فیصلے ٹیم کے لئے لیتا ہوں ، انفرادی طور پر کسی کے لئے فیصلے نہیں کرتا اور یہ تاثر غلط ہے کہ میں آگے بڑھ کر خود فیصلے نہیں کرتا ۔
بابر اعظم نے کہا کہ شرجیل خان کی فٹنس اچھی نہیں لیکن فارم اچھی ہے ۔گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ محمد وسیم کو ٹیم سلیکشن کیلئے کال کروں ، اتنا وقت نہیں اور ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں ۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ میں ہوں نہ ہی پاکستان ٹیم میں ہوں ، اگر باہر رہ کر بھی میرا اثر و رسوخ ہے تو مجھے شاباش ہے ۔
سابق کپتان نے کہا کہ سلیکشن کے حوالے سے کافی باتیں سنی ہیں ، محمد وسیم کو پی سی بی نے چیف سلیکٹر بنایا ہے ۔ پاکستان میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنا دیا جاتا ہے ، جو کھلاڑی اسکواڈ میں شامل نہ ہوں اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان بات ہوتی ہے ۔
بشکریہ: نئی بات