نئی دہلی : بھارتی میڈیا نے بھارت کے حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے میں 30مارچ کوہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔
بھارت کے آن لائن اخبار دی پرنٹ کے مطابق یہ کانفرنس افغانستان میں قیام امن اور اس کے مستقبل کے حوالے سے ہورہی ہے جس میں بھارت اور پاکستان سمیت پندرہ ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
بھارتی حکام کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔ دی پرنٹ نے دعویٰ کیا کہ کہ دو دن قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت ماضی کو بھلا کرآگے بڑھیں اس بیان کے بعد سفارتی ذرائع نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ملاقات کی کوششیں شروع کی ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ دونوں وزرا جلداز جلد ایک دوسرے کے ممالک میں سفیر وں کی بحالی کے معاملے پربات چیت شروع کریں گے۔سارک سربراہی کانفرنس کے اگلے دور کے ساتھ آگے بڑھنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔
بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سارک سربراہی اجلاس ہوا تو پھر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد جائیں گے۔ دی پرنٹ اخبار کا کہنا ہے کہ دہلی اور اسلام آباد میں ذرائع دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے نہ تردید کررہے ہیں اور نہ ہی تصدیق۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے حالیہ بیانات کابھارت میں خیر مقدم کیا جارہاہے۔