یوم پاکستان پریڈ ہوگی یا نہیں، فیصلہ کل ہوگا

11:12 AM, 21 Mar, 2021

اسلام آباد: این سی او سی نے بیماری کے بڑھتے ہوئے تناسب کے حوالے سے یوم پاکستان پریڈ کے انعقاد کا فیصلہ کرنے کے لئے کل اجلاس بلا لیا۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرنے نے بتایا کہ ملک بھر بالخصوص وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس بڑھتے ہوئے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے یوم پاکستان پریڈ کے انعقاد کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے اجلاس کل ہوگا۔

واضح رہے کی اسلام آباد اور پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا وائرس کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ دونوں جگہ مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے۔

دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آُپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق عالمی وبا سے مزید 44 پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ گزشتہ روز 3667 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیرہ  ہزار آٹھ سو ترتالیس تک جا پہنچی ہے جبکہ اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ لاکھ چھبیس ہزار آٹھ سو دو ہے۔

پاکستان میں اس وقت عالمی وبا کے فعال مریضوں کی تعداد اکتیس  ہزار ایک سو سات جبکہ پانچ لاکھ اکیاسی ہزار آٹھ سو باون افراد اس مرض سے صحت یاب ہو کر نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق عالمی وبا سے سب سے زیادہ جاں بحق ہونے والے شہریوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔ جہاں اب تک پانچ ہزار نو سو چوہتر افراد کو موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

ملک کے دوسرے علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں چار ہزار چار سو اناسی، خیبر پختونخوا دو ہزار دو سو آٹھ، اسلام آباد میں پانچ سو ترتالیس، گلگت بلتستان میں ایک سو تین، بلوچستان میں دو سو تین اور آزاد کشمیر میں تین سو تیتیس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبائی کیسوں کی تعداد اکیاون ہزار چار سو چودہ، خیبر پختونخوا میں اناسی ہزار دو سو پینتالیس، صوبہ سندھ دو لاکھ تریسٹھ ہزار اٹھاون، صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ ستانوے ہزار ایک سو ستتر، بلوچستان انیس ہزار تین سو ستائیس، آزاد کشمیر گیارہ ہزار چھ سو نو اور گلگت بلتستان میں چار ہزار نو سو بہتر افراد عالمی وبا میں جکڑے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں