لاہور: پاکستان سپر لیگ کا ایک غیرملکی جوا کھلانے والی کمپنی سے معاہدہ ہونیکا انکشاف ہوا ہے،معاہدےکے تحت رواں برس میچز پرقانونی شرطیں لگائی گئیں،رابطہ کیے جانے پر پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانونی بیٹنگ کرنے والی فرم سے ہمارے کمرشل پارٹنر نے کنٹریکٹ کیا، البتہ شرطیں انگلینڈ سمیت صرف ان ممالک میں لگائی جا سکتی تھیں جہاں اس کی اجازت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5کا مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد ہوا تاہم ایونٹ کو گذشتہ دنوں دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ادھورا چھوڑنا پڑا تھا.
پی سی بی نے ابھی یہ اعلان نہیں کیا کہ سیمی فائنلز اور فائنل کا انعقاد کب کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق ایونٹ کے میچز پر ایک غیرملکی بیٹنگ فرم بھی جوا کھلاتی رہی.
اس کی ویب سائٹ پر میچز کی لائیو سٹریمنگ ہوتی اورسکور وغیرہ موجود ہوتے جس پر لوگ شرطیں لگاتے، کئی ممالک میں قانونی طور پر جوا کھلانے والی مذکورہ فرم کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے باقاعدہ طور پر معاہدہ ہوا جس کے تحت اسے پی ایس ایل پر بیٹنگ کے حقوق حاصل ہو گئے۔میڈیا کے استفسار پر پی سی بی ترجمان نے بیٹنگ فرم سے معاہدے کی تصدیق کردی۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے کمرشل پارٹنر نے یہ ڈیل کی ہے، البتہ اس میں شرط یہ رکھی گئی کہ صرف انگلینڈ سمیت ان ممالک میں بیٹنگ ہو جہاں قانونی طور پر اجازت ہے،اس سوال پر کہ پاکستان میں تو جوا کھیلنا جرم ہے تو اس کی لیگ نے ایسا معاہدہ کیوں کیا؟ جواب میں بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جیسے ممالک جہاں بیٹنگ غیرقانونی ہے وہاں پی ایس ایل پر شرطیں نہیں لگائی جا سکتیں۔