لکھنو: بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے شہرہ آفاق گانے گانے والی معروف انڈین پلے بیک سنگر کانیکا کپور کیخلاف کورونا کا مثبت ٹیسٹ آنے کے بعدمقدمہ درج کر لیا گیا ۔
انڈین اخبارکے مطابق لکھنو کے چیف میڈیکل آفیسر نریندر کمار اگروال نے گلوکارہ کے خلاف تھانہ سروجنی نگر میں ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ ایف آئی آر انڈین پینل کوڈ کے آرٹیکل ایک سو اٹھاسی، دو سو انہتر اور دو سو ستر کے تحت درج کرائی گئی ہے۔
ان دفعات میں کانیکا کپور پر غفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر نے الزام لگایا کہ کانیکا کپور گیارہ مارچ کو ممبئی سے لکھنو پہنچیں اور وہ اس سے ایک روز قبل ہی لندن سے انڈیا پہنچی تھیں۔
اس کے بعد گلوکارہ نے لوگوں سے میل ملاقاتیں کیں اور لکھنو میں کئی تقریبات میں بھی شرکت کی حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ لندن سے واپسی پر انہیں قرنطینہ میں رہنا تھا۔
وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گلوکارہ کے خلاف انہی الزامات کے تحت مزید دو ایف آئی آرز بھی درج کر لی گئی ہیں۔
وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس کے مطابق ایک ایف آئی آر تھانہ حضرت گنج اور دوسری گومیت نگر کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔یاد رہے کہ کانیکا کپور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ وہ حال ہی میں برطانیہ کا دورہ کر کے لوٹی ہیں