سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی رہائی بھارتی قانون کے منہ پر طمانچہ ہے:فواد چودھری

02:18 PM, 21 Mar, 2019

جہلم :وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ د ونوں خاندانوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے، نواز شریف اور زرداری نے درختوں کو بھی نہیں چھوڑا جبکہ ہونہار بچوں نے ابو بچاﺅتحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کی فصل کو پانی دیا جو خاردار درخت بن گئے، پورا پاکستان نیچے اور 2 خاندان اوپر جا رہے تھے، پاکستان میں صرف 2 خاندانوں نے ترقی کی۔

انہوں نے کہا سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی رہائی بھارتی قانون کے منہ پر طمانچہ ہے، بھارتی عدالتی نظام دہشتگردوں کیلئے ڈرائی کلین مشین بن گیا، بھارتی حکومت کے منصوبے انتہا پسندی کو ہوا دے رہے ہیں۔


فواد چودھری کا کہنا تھا مہاتیر محمد پاکستان تشریف لا رہے ہیں، ایک عرصہ بعد عالمی رہنما پاکستان آرہے ہیں، ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں واضح کمی اور خسارے کا سامنا رہا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

انہوں نے کہا پاک سر زمین پر کسی کو سازش کی اجازت نہیں دی جائے گی، شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا گیا ہے، سیاسی، عسکری قیادت کی کتاب بھی ایک اور صفحہ بھی ایک ہے۔

مزیدخبریں