لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار بھی پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ دیکھنے کیلئے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قذافی اسٹیڈیم کے وی آئی پی انکلوژر میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نجم سیٹھی کی دعوت پر میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں آئے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنٹری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پشاور زلمی کے بلے باز کامران اکمل کی پی ایس ایل تھری کے دوسرے پلے آف میں دھواں دار بیٹنگ 17 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری داغ ڈالی۔ کامران اکمل 26 گیندوں پر 77 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، ان کی اننگز میں آٹھ چکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ کامران اکمل کے 77 رنز کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم 170 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔