ہنگو: ہنگو میں شادی کی رات دولہا کے قتل کا ڈراپ سین، قاتل چچازاد بھائی نکلا، قتل غیرت کے نام پر کیا گیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کر لیا۔
ڈی پی او ہنگو آصف گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دن پہلے 18 مارچ کو عبد الجلیل ولد اختر سکنہ شینکو بانڈہ کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اسی دوران مہندی کے رات عبد الجلیل باہر جا کر واپس نہ آیا جسکو صبح تک تلاش کرنے کے بعد اس کی قتل شدہ لاش گھر سے کچھ فاصلے پر پڑی پائی گئی۔ جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لیا جبکہ عبد الجلیل کے چچازاد بھائی فیض اللہ نے تھانہ سٹی میں نا معلوم افراد کے خلاف دفعہ302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی پی او ہنگو نے کہا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے مقتول عبد الجلیل کو کئی بار سمجھایا تھا کہ میرے بڑے بھائی کے ساتھ کسی قسم کا تعلق نہ رکھے کیونکہ ان کے میری بڑی بھابھی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جس پر بھابھی کو بھی قتل کر چکا ہوں۔ ڈی پی او نے کہا کہ ملزم کے مطابق بھابی کے قتل کے بعد عبد الجلیل میرے بھائی کے ساتھ مل کر مجھے اور میرے والد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے جس پر میں نے عبد الجلیل کو شادی کی رات قتل کر کے لاش کو ان کے گھر کے قریب پھینک دی۔