واشنگٹن: امریکا نے ایک بار پھر پاکستان سے کہا ہے کہ وہ دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی میں زیادہ ذمہ داری دکھائے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیے ہیں لیکن دہشت گردی کا خاتمہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کر کے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ صرف طالبان کے خلاف کارروائی کرنے سے امن قائم نہیں ہو سکے گا بلکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے بلا تفریق حقانی نیٹ ورک سمیت دہشت گردوں کے دیگر جتھوں کا بھی قلع قمع کرنا ضروری ہے۔
ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ امریکی صدر نے جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بھی کیا تھا، گزشتہ برس بھی امریکا نے پاکستان کی دفاعی امداد منجمد کرتے ہوئے فوجی امداد کو حقانی گروپ کے خلاف سخت اقدام اُٹھانے سے مشروط کردیا تھا اسی طرح 17 مارچ کو ہونے والی ملاقات میں امریکی نائب صدر نے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ’ڈومور‘ کا کہا تھا۔