کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی سابق رہنما ارم عظیم فاروقی نے ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کو 'گلی کے غنڈے' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب چند لوگوں کی وجہ سے اس پارٹی پر بھی پابندی لگ جائے گی۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پی آئی بی اور بہادر آباد دھڑے والے ایک نہیں ہوسکتے۔ارم عظیم فاروقی نے عامر خان پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ جب 'عامر خان نے دوبارہ پارٹی جوائن کی تو میں ان کو نہیں جانتی تھی، جب میں رابطہ کمیٹی جاتی تو یہ ایسی باتیں کرتے کہ مجھے غصہ آئے اور میں کوئی ردعمل ظاہر کروں'۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر خان انہیں ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہتے تھے اور انہوں نے اس حرکت پر حیدر عباس سے شکایت بھی کی تھی۔ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ تحریک میں کارکنان عزت دیتے تھے، لیکن یہ لیڈز گندی نظر رکھتے تھے۔ارم عظیم فاروقی نے اپنے پیغام میں عامر خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنی نظروں کو اپنے پاس رکھو'، ساتھ ہی انہوں نے للکارتے ہوئے کہا، 'عامر خان میں کراچی میں ہوں سامنے آجاو'۔خالد مقبول پر الزام عائد کرتے ہوئے ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ 'خالد مقبول صدیقی امریکا میں جہاں رہتے وہاں رشتہ بھجوا دیا کرتے تھے، ایم کیو ایم کی ایک ورکر کو وہ باجی بولتے تھے اور پھر ان سے ہی شادی کرلی'۔
واضح رہے کہ خالد مقبول صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے فاروق ستار کو مہ جبینوں اور اقربا پروری کے لیے اختیار نہیں ملے گا، مہ جبینوں اور اقربا پروری کی ایم کیو ایم میں کوئی جگہ نہیں، بہنیں ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمارے ساتھ ان کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔