چاکلیٹ کھلی پڑی رہے تو سفید کیوں ہو جاتی ہے ؟ماہرین نے معمہ حل کر لیا

10:46 AM, 21 Mar, 2018

برلن: چاکلیٹ دنیا بھر میں یکساں پسند کی جاتی ہے تاہم اگر اسے مناسب درجہ حرارت پر نہ رکھا جائے تو اس کا رنگ سفید ہونا شروع جاتا ہے اور اس میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں پڑجاتی ہیں۔ پھر اسے پھینک کر ضائع کر دیا جاتا ہے۔

اب ماہرین نے اس کا رنگ سفید ہونے کی نہ صرف وجہ بتا دی ہے بلکہ اسے سفید ہونے سے روکنے کا انتہائی آسان طریقہ بھی بتادیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں سائنسدانوں نے دنیا کی سب سے بڑی ایکسرے استعمال کرتے ہوئے چاکلیٹ کے سفید ہونے کا راز معلوم کیا۔

سائنسدانوں نے تحقیق کے بعد بتایا کہ اگر چاکلیٹ کو انتہائی کم یا بہت زیادہ درجہ حرارت پر رکھا جائے تو اس میں موجود چکنائی پھولنا شروع ہو جاتی ہے اور بالآخر چاکلیٹ کے اوپر ایک سفید پاﺅڈر کی تہہ کی صورت میں نمودار ہو جاتی ہے۔ اگر چاکلیٹ کو 14سے 18ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان درجہ حرارت پر رکھا جائے تو اس کی چکنائی کبھی نہیں پھولے گی اور چاکلیٹ تادیر محفوظ رہے گی۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سٹیفن روتھ کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت کی کمی یا زیادتی کے باعث چکنائی پگھل کر چاکلیٹ کی دراڑوں سے باہر نکلنا شروع کر دیتی ہے۔تاہم چاکلیٹ کے اوپر سفید تہہ کا بن جانا بھی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔ اس صورت میں بھی اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں