جدہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سعودی عرب میں خدمات سر انجام دینے والے پاکستا نیوں کے جدہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین دنیا کے تمام مسلمانوں کے لیے قابل احترام ہے اور وہ کسی صورت میں اس کے احترام میں کمی نہ ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہدایت و رہنمائی کا پیغام سرزمین عرب سے تمام دنیا تک پہنچا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی سعود ی عرب سے محبت رکھتے ہیں اور سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے بھی ہر نازک موقع پر پاکستانی عوام کا ساتھ دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ پاکستان اور سعودی عرب اسلام کی سربلندی اور امت میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے میں کامیاب کردار ادا کر سکیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امت کو جو مسائل درپیش ہیں اس میں تمام مسلمان حکومتوں اور اداروں کو فعال کردار ادا کرناچاہیے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ڈاکٹر ز، انجینئرز ، تاجراور محنت کش سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں فعال کردا ر کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے ۔