راولپنڈی: کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر جیان چاؤ نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں نرہنماوں نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کا جائزہ لیا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ایک اہم منصوبے سی پیک کے کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔
مسٹر لیو جیان چاو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، سی پیک پرحاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسٹر لیو جیان چاو نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا، چینی شہریوں اور پاکستان میں منصوبوں کو تحفظ فراہم کرنے میں پاکستان کی مسلح افواج کی حمایت کا اعتراف کیا۔