لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس کی طبیعت ناساز ہو گئی جس پر انہیں لندن کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ظہیر عباس کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں 3 روز قبل ہسپتال داخل کیا گیا تھا اور اب وہ آکسیجن پر ہیں جبکہ آج انہوں نے اشاروں کی مدد سے اپنی بیٹی سے گفتگو کی۔
’ایشین بریڈمین‘ کا خطاب حاصل کرنے والے سابق کپتان کے اہل خانہ نے مداحوں سے ان کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ظہیر عباس لندن جاتے ہوئے دبئی میں قیام کے دوران کورونا میں مبتلا ہوئے تھے جبکہ لندن پہنچنے کے بعد انہیں نمونیا ہوا اور پھر گردوں کی تکلیف ہوئی۔
خاندانی ذرائع نے مزید بتایا کہ ظہیر عباس ڈائلیسز پر ہیں اور بیماری کے باعث کمزوری محسوس کر رہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے ان سے ملاقات پر پابندی عائد کی ہے۔