اسلام آباد: جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے یورپی یونین کا مانیٹرنگ مشن پاکستان پہنچ گیا ہے جو مختلف امور کا جائزہ لے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کا مانیٹرنگ مشن انسانی حقوق، چائلڈ لیبر کا خاتمہ، لیبر رائٹس سمیت دیگر امور کا جائزہ لے گا جبکہ 27 کنونشنز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جی ایس پی کنونشنز پر بھرپور عملدرآمد کیا ہے جس کے باعث جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کا قوی امکان ہے اور ایسا ہونے کے بعد پاکستان کو مزید 5 کنونشنز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
یورپی پارلیمینٹ نے یکم مئی کو بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کرتے ہوئے پاکستان کو دئیے گئے جی ایس پی پلس سٹیٹس پر نظرثانی کرنے کا کہا تھا اور سال 1971 میں اقوام متحدہ کی کانفرنس اینڈ ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ نے قرار داد منظور کی تھی۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ یورپی ممالک ترقی پذیر ممالک کی برآمدات بڑھانے اور وہاں پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ان ممالک کی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سکیم کے تین مرحلے ہیں جس میں بنیادی جی ایس پی، جی ایس پی پلس، اور ایوری تھنگ بٹ آرمز یعنی اسلحے کے علاوہ تمام اشیاءشامل ہیں اور پاکستان اس وقت جی ایس پی پلس کا حامل ملک ہے۔