اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عارف علوی پی ٹی آئی کی ٹوپی اٹاریں اور صدر مملکت کی ٹوپی پہنیں،وہ اپنی حکومت میں نیب کے ہر قانون پر دستخط کرتے رہے مگر ہمارے دور میں ہر قانون مسترد کردیئے ۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کا صدر ایک پارٹی کارکن بنے گا تو پھر نظام کیسے چلے گا؟ پارلیمان کا منظور شدہ بل درست نظر نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے، جب تک نیب ہے تو پاکستان نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ صدرنے پی ٹی آئی دور میں کبھی چیئرمین نیب کو بلا کر پوچھ گچھ کی؟ ملک پر 4 سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، پی ٹی آئی نے پوچھا کہ نیب چیئرمین نے کیا کیسز بنائے؟
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ، عمران خان پر منشیات نہیں ڈالیں گے، انہوں نے کہا کہ کسی سابق وزیراعظم کو اتنی سیکیورٹی نہیں دی گئی جتنی عمران خان کو دی جا رہی ہے، انھیں سیکیورٹی خطرات ہیں تو حکومت مقابلہ کرے گی۔