صدر مملکت کی کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل عریش فاطمہ سے ملاقات

11:17 PM, 21 Jun, 2021

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علویٰ نے پاکستان کی کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل عریش فاطمہ سے ملاقات کی اور ان کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ 

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علویٰ نے گورنر سندھ ہاؤس میں پاکستان کی کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل عریش فاطمہ اور ان کی والدین سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ان کی کم عمری میں کامیابیوں کی تعریف کی اور ان کے کامیاب اور روشن مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔ 

خیال رہے کہ شہر قائد سے تعلق رکھنے والی ننھی طالبہ عریش فاطمہ نے دنیا کی سب سے کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ عریش فاطمہ نے مائیکرو سافٹ کے پروفیشنل امتحان میں شرکت کی تھی۔ مائیکرو سافٹ کے زیر اہتمام امتحان پاس کرنے کے لیے کم سے کم 700 پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے، جب کہ ننھی عریش فاطمہ نے 831 پوائنٹس حاصل کر کے نیا کارنامہ انجام دیا۔

ننھی عریش فاطمہ ان ذہین پاکستانیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنھوں نے کم عمری میں ایم سی پی کی سند حاصل کی۔ جب عریش کے اندر انٹرنیٹ کے ذریعے نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت سامنے آئی تو ان کے والدین نے ان کے تجسس کو دیکھ کر اسے کمپیوٹر سیکھنے کی جانب راغب کیا۔

عریش کے والد خود آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انھوں نے اپنی بیٹی کی ذہانت اور دل چسپی کو دیکھتے ہوئے ان کو کمپیوٹر اسکلز سیکھنے میں بھرپور رہنمائی کی۔

عریش نے مائیکروسافٹ ورڈ اور مائیکروسافٹ آفس چلانا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے والد سے سیکھا۔ کورونا وبا کے دوران گھر پر رہنے کی وجہ سے عریش نے اس وقت کا بہترین استعمال کیا اور اچھی یادداشت کے باعث دونوں سافٹ ویئرز میں مہارت حاصل کی۔

عریش نے اپنی صلاحیت کی بنیاد پر مائیکروسافٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی اور دنیا کی کم عمر ترین پروفیشنل بن گئیں۔ اپنی بہترین یادداشت کے باعث عریش فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ 6 سال کی عمر تک قرآن پاک حفظ کرنا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں