مہنگائی ہو گی تو ملک چلے گا، پرویز خٹک کی انوکھی منطق

مہنگائی ہو گی تو ملک چلے گا، پرویز خٹک کی انوکھی منطق
کیپشن: مہنگائی ہو گی تو ملک چلے گا، پرویز خٹک کی انوکھی منطق
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاموں کی فہرست لے کر آئیں کیونکہ ن لیگ کی کارکردگی بہتر ہوتی تو عوام پنجاب میں مسترد نہ کرتے اور اپوزیشن مہنگائی مہنگائی کر کے صرف ڈرامہ کر رہی ہے تاہم ان کی اور ہماری کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

  

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے قومی اسملی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک مشکلات کا شکار تھا اور وزیراعظم عمران خان نے ملک کو مشکلات سے نکالا جبکہ الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکتے نہیں اور آئی ٹی کی بدولت ساری دنیا ترقی کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نےآئی ٹی پر توجہ نہیں دی اور ملک تعمیراتی کاموں سے ترقی کرتے ہیں۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ امریکا، یورپ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے، اپوزیشن کا ڈرامہ اب نہیں چلے گا، اپوزیشن والے اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگتا ہے، وزیراعظم کے درست فیصلوں سے معیشت کو نقصان نہیں پہنچا، موجودہ حکومت نے کسان کو بغیر سود قرض کی سہولت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نوکریاں دینے سے نہیں چلتا، ہر کوئی سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہو گی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے اور زراعت ہو گی، مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کارکردگی کی وجہ سے دو تہائی اکثریت ملی، 38 سال میں کسی کنٹریکٹ میں حصہ نہیں لیا، چاہتا تو اربوں کما سکتا تھا۔