اسلام آباد: حکومت نے ملک میں کورونا ویکسین کی قلت کا اعتراف کر لیا ہے اور پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ واک ان ویکسین کی وجہ سے ویکسی نیشن سینٹر پر قلت پیدا ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نوشین حامد نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 1.1 ارب ڈالر کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے مختص کئے ہیں جبکہ اس کی خریداری میں مڈل مین کا کردار بھی نہیں ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ کہ ویکسین سرٹیفکیٹ میں کچھ مسائل سامنے آرہا ہے تاہم اس حوالے سے تمام شکایات کچھ دنوں میں دور ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ بیرون ملک جانے والے افراد کیلئے لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ویکسین ختم ہوگئی تھی تاہم اب ویکسی نیشن کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے لیکن ایکسپو سینٹر لاہور میں صرف سائنو ویک ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ایسٹرا زینکا لگوانے کے خواہشمند افراد فی الحال انتظار کریں۔
ذرائع کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر ایک اور تین میں ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ ویکسی نیشن کی غرض سے آنے والوں میں بڑی تعداد ان شہریوں کی ہے جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں اور اس وجہ سے انہیں ایسٹرازینکا ویکسین درکار ہے۔