ایکسپو سینٹر لاہور میں ویکسی نیشن بحال، ایسٹرازینکا لگوانے کے خواہشمند افراد کیلئے کیا ہدایات دی گئی ہیں؟ 

09:53 AM, 21 Jun, 2021

لاہور: ایکسپو سینٹر لاہور میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو گیا ہے جہاں صرف سائنو ویک ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ایسٹرا زینکا ویکسین لگوانے کے خواہشمند افراد فی الحال انتظار کریں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر ایک اور تین میں ویکسین لگائی جارہی ہے، ویکسی نیشن کروانے آنے والوں میں بڑی تعداد ان شہریوں کی ہے جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں۔ 
سینٹر کے باہر موجود شہری نے بتایا کہ سائنوویک کو بیرون ملک سفر کیلئے قبول نہیں کیا جا رہا اس لئے بیرون ملک سفر کی غرض سے صرف مطلوبہ ویکسین لگوانا چاہتے ہیں جس کے باعث یورپی اور خلیجی ممالک کے سفر کے منتظر کئی افراد ویکسی نیشن سینٹر سے واپس چلے گئے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے اعلان کیا ہے کہ آج شہر میں تمام کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے، سٹیٹک اور سیکٹورل کورونا ویکسی نیشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہوں گے،9 سٹیٹک سینٹرز ایکسپو سینٹر، یوسی ایچ، پی کے ایل آئی اور یونائیٹڈ کرسچن ہسپتال فعال رہیں گے۔
ڈی سی لاہور کاکہنا ہے کہ پنجاب سینٹرل کالج، قذافی سٹیڈیم ڈرائیو تھرو، ایل ڈی اے آزادی چوک کمپلیکس سینٹرزفعال رہیں گے، 55 سیکٹورل ویکسی نیشن سینٹرز بھی مکمل طور پر فعال ہوں گے اور ان تمام سینٹرز میں سائنوویک اورسائنو فام کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک سفر کیلئے مطلوبہ ویکسین ابھی دستیاب نہیں ہے، اس لئے ایسٹرا زینکا ویکسین لگوانے کے خواہشمند افراد فی الحال انتظار کریں اور جیسے ہی یہ ویکسین دستیاب ہو گی تو لوگوں کو اطلاع کر دی جائے گی۔ 

مزیدخبریں