میرے گھر والوں نے میری زندگی کو جہنم بنا دیا ہے، بہن ہرتیک روشن

09:30 AM, 21 Jun, 2019

ممبئی: سنینا روشن نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے کنگنا رناوت کی بہن رنگولی کی ٹوئٹ پڑھی اور مجھے اس کی کوئی پروا نہیں کیونکہ یہ سچ ہے.انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ سچ کی حمایت کی ہے اور حمایت کرتی رہوں گی۔ میں آج کنگنا اور رنگولی سے مل رہی ہوں کیونکہ یہ دونوں مجھے انصاف دلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا مجھے پتہ ہے کہ میرا یہ فیصلہ میرے خلاف جائے گا لیکن مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔سنینا نے بتایا کہ انہیں گزشتہ برس ایک مسلمان صحافی روحیل امین سے محبت ہوئی جس پر والد راکیش روشن پاگل ہو گئے کیونکہ میں جس لڑکے کی محبت میں گرفتار ہوئی وہ مسلمان ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میرے والد نے مجھے تھپڑ مارا اور کہا کہ تمھیں پتہ ہے کہ جس سے تم پیار کرتی ہو وہ ایک دہشت گرد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر روحیل امین دہشت گرد ہوتا تو کیا وہ اس طرح آزادانہ گھوم رہا ہوتا اور میڈیا میں ملازمت کر رہا ہوتا اگر وہ دہشت گرد ہوتا تو وہ سلاخوں کے پیچھے ہوتا۔

روحیل سے اپنی دوستی کے حوالے سے سنینا نے بتایا کہ گزشتہ برس فیس بُک کے ذریعے ہماری دوستی ہوئی لیکن میں نے اس کا نمبر اپنے موبائل میں محفوظ نہیں کیا کیونکہ میں رشتے کو اپنے والدین سے دور رکھنا چاہتی تھی۔

ہریتھک روشن کی بہن نے بتایا کہ میں نے والدین کے خوف سے جوہو سے اپنی رہائش تبدیل کی اور گزشتہ ہفتے ہی والدین کے پاس واپس آئی اور اس دوران میں روحیل سے اس کے دفتر کے ذریعے رابطے میں رہی۔

سنینا نے بتایا کہ میرے والد راکیش روشن اور والدہ پنکی روشن نہیں چاہتی تھیں کہ میں روحیل سے ملاقات کروں لیکن میں چاہتی تھی کہ وہ روحیل کو قبول کر لیں۔ میرے گھر والوں نے میری زندگی کو جہنم بنا دیا ہے اور میں یہ برداشت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ ہماری شادی ہو گی یا نہیں لیکن اس وقت میں روحیل کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔

مزیدخبریں