ایف اے ٹی ایف کے بیشتر اہداف حاصل، پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے میں بھارت ناکام

09:06 AM, 21 Jun, 2019

لاہور: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ممالک پاکستانی اقدامات کو سراہنے لگے۔ پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی تمام بھارتی چالیں ناکام ہو گئیں۔

عسکری ہو یا سفارتی یا کوئی اور محاذ پاکستان کے حوالے سے بھارت کو ہمیشہ خفت و ندامت اٹھانا پڑی۔ ایک بار پھر پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کیلئے بھارتی لابی کے تمام حربے ناکام ہو گئے۔

رواں ماہ کی 17 تاریخ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں پاکستان کے بارے میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس تھا۔ ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کو جعلی بینک اکاؤنٹس، مشکوک ترسیلات کیخلاف پاکستانی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے خلاف نیکٹا کی کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے بیشتر اہداف حاصل کر لئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا اور ان کی فنڈنگ بند ہو گئی۔ کرنسی اسمگلنگ بھی روک دی گئی ہے۔ اب پاکستان میں منی لانڈرنگ کا ہونا ممکن نہیں۔

ذرائع کے مطابق چین، ترکی اور ملائیشیا نے پاکستانی کوششوں کو سراہا جبکہ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کیلئے بھارتی لابی کے تمام وار بے کار ہو گئے۔

مزیدخبریں