نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے ہاں ننھی پری کی آمد

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے ہاں ننھی پری کی آمد
کیپشن: جیسنڈا آرڈرن عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت بن گئیں۔۔۔فوٹو/ آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں ننھی پری کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت بن گئیں۔

جیسنڈا آرڈرن کے ہاں آج بیٹی کی پیدائش ہوئی یہ خبر انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے خاوند اور نومولد بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کر کے دی۔

جیسنڈا آرڈرن نے بچی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے گھر ایک صحت مند بچی کی آمد ہوئی ہے جس کا وزن ساڑھے 3 کلو ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے دعاؤں اور نیک خواہشات پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے بچی کی ولادت کے سلسلے میں 6 ہفتے تک اپنی ذمہ داریوں سے چھٹیاں لیں۔یاد رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے رواں برس کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔

 

مزید پڑھیں: مودی سرکار نے 14 سال بعد 3 پاکستانیوں کو بھارتی شہریت دے دی

انہوں نے نیوزی لینڈ ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ دنیا کی پہلی خاتون نہیں جو کام بھی کرتی ہیں اور بچے بھی پیدا کریں گی بلکہ ان سے پہلے بھی کئی خواتین نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے بچوں کو جنم دیا ہے۔

واضح رہے کہ 28 سال قبل پاکستان کی بینظیر بھٹو وہ پہلی وزیراعظم تھیں جو اس عہدے پر رہتے ہوئے ماں بنی تھیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں