امریکی شہر فینکس میں درجہ حرارت 49 ڈگری، درجنوں پروازیں منسوخ

09:48 PM, 21 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

نیو یارک: امریکی ریاست ایروزونا کے شہر فینکس میں حکام نے کہا ہے کہ 40 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ گرمی بہت زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فینکس میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ درجہ حرارت چند جہازوں کی پرواز کےلئے مجوزہ موزوں درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔امریکی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ گرمی کے عروج کے اوقات میں سکائی ہاربر ایئر پورٹ سے اڑنے والی درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

فینکس میں مقامی میڈیا کے مطابق گرمی کے باعث چھوٹے جہاز بومبارڈیئر سی آر جے کی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں کیونکہ اس جہاز کی پرواز کے لیے مجوزہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔منسوخ کی جانے والی پروازوں نے دوپہر تین اور شام چھ بجے کے درمیان اڑنا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت زیادہ ہونے سے ہوا کی کم کثافت ہوتی ہے جس کے باعث جہاز کی اڑان متاثر ہوتی ہے۔ یعنی اڑان کےلئے جہاز کے انجن پر زیادہ زور پڑتا ہے۔

گذشتہ سال انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ موسمی تبدیلی ہوائی جہازوں کی اڑان بھرنے کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں