ہمارے بچے قوم کے بہتر ’’کل‘‘ کے لیے اپنی جوانیاں قربان کررہے ہیں،سید علی گیلانی

05:35 PM, 21 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

سرینگر:چیرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے پازال پورہ سوپور میں شہید ہوئے کشمیری نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ریاست میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے اور اس خطے میں جاری سیاسی غیر یقینیت میں ہر دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، جبکہ انہوں نے شہید عادل احمدمیر پانپورہ کی یاد میں منعقد کی گئی تعزیتی مجلس پر پولیں کی طرف سے دھاوا بولنے کی شہید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وحشیانہ حرکتیں ہیں کہ شہیدوں کی لاشوں پر ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے کسی شوق یا مشغلے کے طور بندوق نہیں اٹھاتے ہیں، البتہ بھارتی حکمرانوں کے سیاسی اور پُرامن جدوجہد کے حوالے سے اپنائے گئے روئیے نے اس صورتحال کو جنم دیا ہے اور ریاست کو خاک اور خون میں ڈبونے کے لیے بھی یہی رویہ ذمہ دار ہے۔ گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے بچے قوم کے بہتر ’’کل‘‘ کے لیے اپنی اٹھتی جوانوں کو قربان کررہے ہیں۔ وہ ہم پر ایک بھاری ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کی قدر کریں اور اس مشن کو حصولِ مقصد تک جاری رکھیں، جس کے لیے آج تک 6؍لاکھ انسانوں کی جانیں چلی گئی ہیں

۔ گیلانی نے شہید ہوئے دونوں نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدُعا ہیں کہ وہ انہیں صبر جمیل سے نوازے اور دنیا وآخرت میں نعم البدل سے سرفراز کرے۔

مزیدخبریں