لاہور: میٹھی عید کی آمد سے پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مٹھائیاں بنانے والوں کے لیے کڑوی وارننگ جاری کر دی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے تمام مٹھائی بنانے والے چھوٹے بڑے پروڈکشن یونٹس کو سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے جس کے تحت مٹھائیوں کے اجزاء اور پروڈکشن کا ماحول درست کرنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم جاری کیا گیا ہے۔
ڈائر یکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی طرف سے جاری کردہ الٹی میٹیم کے مطابق مٹھائیوں کی تیاری میں بہترین دودھ، کھویا، چینی و دیگر اجزاء استعمال کیے جائیں۔ ویجیٹیبل فیٹ کی بجائے ترجیحا ڈیری پراڈکٹس سے تیار کردہ کھویا اور دیگر اجزاء کے استعمال سے مٹھائیاں تیار کی جائیں۔ مٹھائیوں میں معیاری اور منظور شدہ فوڈ کلر استعمال کیے جائیں۔ مٹھائیوں میں استعمال ہونے والے ناقص فوڈ کلر کینسر جبکہ دیگر اجزا خطرناک بیماریوں کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ اس نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہعید سے پہلے تمام پروڈکشن یونٹس کی تفصیلی چیکنگ کی جائے گی۔ مٹھائیوں میں استعمال ہونے والے تمام اجزاء کے موقع پر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔کسی بھی قسم کی ملاوٹ، کمی یا خلاف ورزی کی صورت میں نا صرف یونٹ بلکہ اس کی تیار کردہ مٹھائیاں بیچنے والی دوکانوں کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔
سیل ہونے والے یونٹس اور دوکانیں قانون کے مطابق عید کے ایام ختم ہونے تک سیل رہیں گے۔