سلمان خان نے اکشے کمار کو تینوں خانز سے بڑا اداکار قرار دیدیا

05:06 PM, 21 Jun, 2017

 ممبئی: بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے اکشے کمار کو شاہ رخ خان، عامر خان اور خود سے بھی بڑا اداکار قراردے دیا ہے۔ بالی وڈ کے تینوں خانز سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کا شمار شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ فلم انڈسٹری کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں دینے والے تینوں خانز باکس آفس پر کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں اگر یہ کہا جائے کہ یہ تینوں خانز مل کرانڈسٹری پر راج کرتے ہیں تو غلط نہ ہو گا۔

باکس آفس پر 100 سے لے کر 1000 کروڑ کا رجحان پیدا کرنے والے بھی یہ ہی تینوں خانز ہیں لیکن بے حد شہرت اور کامیابیوں کے باوجود بھی سلمان خان نے اکشے کمار کو بالی ووڈ کا سپر اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکشے سے بڑا کوئی اداکار نہیں۔

سلمان خان نے ایک انٹرویو کے دوران اکشے کمار کو سپر اسٹار قرار دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں سال میں دو فلمیں کرتا ہوں، عامر خان تین سال میں ایک فلم کرتے ہیں جبکہ اکشے کمار ایک سال میں 4 سے 5 فلموں میں کام کرتے ہیں لہذا اکشے ہم تینوں سے زیادہ محنت کرتے اور پیسے کماتے ہیں۔

انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیرئیر کے ابتدائی دور میں جب ایک فلم میں کام کرنے کے کم پیسے ملتے تھے اس وقت میں زیادہ محنت کرتا تھا اور ایک وقت میں کئی فلموں میں کام کرتا تھا اور اب جب ایک فلم میں کام کرنے کے کروڑوں ملتے ہیں تو میں نے کام کرنا کم کر دیا ہے اور اس مقابلے میں اکشے کمار آج بھی زیادہ فلموں میں کر رہے ہیں اور خوب کما رہے ہیں۔ سلمان نے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے سال مداحوں کی خواہش کے مطابق 3 فلموں میں نظر آئیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں