گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ، پنجاب یونیورسٹی 5 جولائی کو دوبارہ کھولنے کا اعلان

03:44 PM, 21 Jun, 2017

لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے 5 جولائی سے یونیورسٹی دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے اور طلبا و اساتذہ کو یونیورسٹی حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی کی سمیسٹر امپلیمنٹیشن کمیٹی کے چئیرمین زکریا ذاکر کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سمیسٹرز کو مکمل کرنے کے لئے پانچ جولائی سے دوبارہ یونیورسٹی کھولی جا رہی ہے۔

اس دوران یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز اور امتحانات بھی منعقد کیے جائیں گے جبکہ طلبا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 4 اگست تک اپنے تھیسز بھی مکمل کر لیں ۔ چیئرمین کمیٹی کی جانب سے جاری ہدایات میں شعبہ جات کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ وہ چار اگست سے پہلے اپنے اپنے سمیسٹرز مکمل کر لیں۔

واضح رہے کہ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی ہدایات پر پنجاب یونیورسٹی کو اچانک موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے بند کر دیا گیا تھا اور یہ چھٹیاں 15 اگست کو ختم ہونا تھیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں اب کلاسز کا دوبارہ آغاز 5 جولائی سے ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں