موسلا دھار بارشیں، چھتیں گرنے سے3افراد جاں بحق10زخمی ہوگئے

12:46 PM, 21 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور : بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے، گرین ٹاؤن میں بوسیدہ مکان کی چھت کے ملبے تلے دبنے والے دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔رائیونڈ کے علاقے میں گودام کی چھت گرنے سے تین افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھےاور ملبے تلے دب کر 3 افراد زخمی ہو گئے ۔


دوسری جانب گرین ٹاون میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئےجن سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا تی ہے ۔
امدادی ٹیم نے زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے جبکہ مرنے والوں کی میتیوں کو قانونی کارروائی کے بعد ان کے اہلخانہ کے حوالے کر دیا ہے۔


اس سے قبل بھی صوبائی دارالحکومت لاہور میں اتوار کی سہ پہر موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد حبس کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ بارش سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ دوموریہ پل، حاجی کیمپ، لارنس روڈ‘ فیروز پور روڈ‘ جیل روڈ‘ شادمان‘ چونگی امرسدھو سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے مختلف چوراہوں پر پانی کھڑا رہا جس کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا اور افطاری کے وقت لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور ڈویژن، جنوب مشرقی سندھ اور کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادھر دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ سیل پشاور کے مطابق درائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 32ہزار 140 جبکہ نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 52 ہزار 5 سو کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے کہا ہے کہ تھر میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، خشک سالی کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح مزید نیچے جانے کا خدشہ ہے۔ برف پگھل چکی ہے اور تربیلا ڈیم میں اگست تک 2 لاکھ کیوسک پانی آ سکتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں