مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کوتاہی نہیں برت رہے، اقوام متحدہ

01:00 PM, 21 Jun, 2017

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ وہ پاک بھارت وزرائے اعظم کے ساتھ ملاقات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے حل کرانے میں کوشاں ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایک سوال پر کہ کیا وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کوشاں ہیں۔

جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ان پر متعدد مرتبہ تنقید اور الزامات بھی لگائے جا چکے ہیں کہ اس مسئلے کے حل کے لئے وہ سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرانے کے لئے پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم سے کئی ملاقاتیں کی ہیں۔

انہوں نے تنازع کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے اپنے ناقدین کی جانب سے اس تنقید کو مسترد کر دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مسئلہ کشمیر پر کشیدگی کو کم کرنے کے لئے وہ شرما رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری نظر بھی رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملک بات چیت کے ذریعے یہ معاملہ حل کریں اور اس سلسلے میں انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی ہم منصب سے ایس ٹی پیٹر برگ میں ملاقات بھی کی تھی اس کے علاوہ ڈیوس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جبکہ شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن میں بھی ان سے ملاقات ہوئی جب اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجرک سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل کو اس مسئلے پر گہری تشویش ہے تاہم سیکرٹری جنرل اس کو حل کرنے کے لئے براہ راست مداخلت یا مصالحت کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم انہوں نے دونوں ممالک پاکستان اور بھارت سے یہ کہا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے اس معاملے کا پرامن حل نکالیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں