لاہور:معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کوتاوان وصول کرکے چھوڑ دیا گیا ، اغوا اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرادیاگیا۔ ڈرامہ نگار نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان قمر کو فون کرکے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تومسلح افراد نے واردات کی اور انہیں اغواء کرلیا۔
خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا، بعدازاں سندر پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کرلیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزمان خلیل الرحمان قمر پر تشدد کرتے رہے اور اُنہیں مختلف جگہوں پر گھوماتے رہے۔
آمنہ عروج نامہ خاتون سمیت سات سے دس افراد کے خلاف اغواء اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون نے ڈرامہ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، بتائے ہوئے پتے پر پہنچا تو دس مسلح افراد نے تشدد کیا، فون،گاڑی کی چابیاں اور نقدی چھین لی۔ایف آئی آر کے مطابق ڈرامہ نگار نے اے ٹی ایم کارڈ سے اڑھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کیے۔
ڈرامہ نگار کا ایف آئی آر میں مزید کہنا تھا کہ ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔