اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جاری بیان میں بتایا کہ ہائی کمیشن نے طلبا کو محفوظ مقامات پر ٹھہرایا ہے، جن میں ہائی کمیشن، سفیر کی رہائش گاہ اور کچھ دیگر محفوظ مقامات شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ڈھاکہ میں ہمارا مشن تمام طلبا سے رابطے میں ہے، ڈپٹی ہیڈ مشن (ڈی ایچ ایم) نے چٹاگانگ کا دورہ کیا اور وہاں طلبا سے بھی ملاقات کی، تمام طلبا محفوظ ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب بنگلہ دیش میں سرکاری نوکریوں میں بھرتی کے کوٹے کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں شدت آئی، جس میں اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ حکومت ملک بھر میں کرفیو نافذ اور احتجاج کو روکنے کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے۔