وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم، ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ

09:44 AM, 21 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب  نے  ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیا ہے اور  ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی( ٹیوٹا) میپنگ پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز بھی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔

انٹرنیشنل مارکیٹ میں اسکلڈ جاب کے لیے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔دوران اجلاس لارج اسکیل کنسٹرکشن ڈویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/ آپریٹر کورس کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لیے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا، پریکٹیکل ٹریننگ کے لیے ٹریننگ مٹیریل کی خریداری کے بجٹ کو بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی جبکہ ٹریننگ مٹیریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز دی گئی۔دوران اجلاس اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لیے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں، پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کا ماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

مزیدخبریں