مشی گن :امریکہ کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہےکہ میں نے تو جمہوریت کیلئے گولی کھائی، اس کیلئے خطرہ کیسے ہو سکتا ہوں۔جوبائیڈن امریکہ کی تاریخ کا ناکام ترین صدر ہے۔
مشی گن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ میں نے جمہوریت کیلئے گولی کھائی ، خطرہ کیسے ہوسکتا ہوں؟ ،جوبائیڈن امریکہ کی تاریخ کا ناکام ترین صدر ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہاکہ انہیں تو یہ تک پتہ نہیں کہ ان کا صدارتی امیدوار کون ہے، ایک شخص نے ووٹ لئے مگر وہ اسے امیدوار بنانا نہیں چاہتے، ڈیموکریٹ پارٹی جمہوری جماعت نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی دشمن ہے۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ حقیقی قیادت ہو تو جوبائیڈن کا پیدا کردہ ہر بحران حل کیا جا سکتا ہے، 4 سال پہلے ہم ایک عظیم قوم تھے، ہم امریکہ کو ایک بار پھر عظیم قوم اور پر امن ملک بنائیں گے، اب امریکہ کو پہلے سے زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات امریکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں، معلوم نہیں ڈیموکریٹس کا صدارتی امیدوار کون ہوگا لیکن یہ طے ہے کہ جوبائیڈن ماضی کی دھاندلی سی یاد بن جائے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پراجیکٹ 2025 سے ان کا کوئی تعلق نہیں، نہ وہ اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، یہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ ہے۔علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، یہ ایک غلطی تھی، اگر مجھے بتایا جاتا تو میں پندرہ یا بیس منٹ انتظار کر لیتا۔انہوں نے کہا کہ کوئی شخص چھت پر چڑھا کیسے؟ اس کے بارے میں پتا کیوں نہیں چلا۔