اسلام آباد:ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز پر تنقید کی ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی کھل کرحمایت کی ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک سوال کہ ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ ترازو کے دونوں پلڑےبرابر ہوں گے پھر الیکشن ہوگا کے جواب میں کہاکہ میں اس کوبالکل سپورٹ نہیں کرتا ہوں۔ میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد جو سنگین غلطی ایک بار ہوئی، وہ چیئرمین پی ٹی آئی یا ان کی جماعت پر پابندی سے نہیں ہونی چاہئے۔ میں اس بات کی مخالفت کرتا ہوں اور پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ نواز شریف کب واپس آئیں گے یہ ان کا فیصلہ ہے۔ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہ سکتا۔ان کا ابھی بھی علاج ہورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔ آئین کے مطابق60 یا90 دن میں ہونے ہیں ۔موجود حکومت کے ختم ہونے کے بعد دس یا گیارہ نومبر بنتی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشن کی تاریخ مارچ نہیں بنتی ہے۔ نگران وزیر اعظم کے نام کے حوالے سے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور راجہ ریاض کا ہے۔ نگران سیٹ اپ کے اختیارات محدود ہوتے ہیں ۔ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کے بارے میں کہا کہ اس کی کوئی تعریف نہیں ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ یہ مخلوط حکومت ہے تو سب مل کر فیصلہ کریں گے کوئی ایک جماعت فیصلہ نہیں کرسکتی۔
اگلے سیٹ اپ میں پی ٹی آئی اور چیئرمین پی ٹی آئی ہوں گے یا نہیں اس پرکہا کہ اگر یہ جماعت الیکشن لڑے گی توضرور ہوگی ابھی تو وہ پارلیمنٹ میں ہی نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا الیکشن کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیں۔ کسی جماعت میں صلاحیت نہیں کہ وہ مسائل کا حل نکال سکے۔کوئی کسی جماعت کو ختم نہیں کرسکتا ۔