رحیمیار خان: صادق آباد تھانہ بھونگ پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف اے ایس پی شاہزیب چاچڑ کی نگرانی میں پولیس نےآپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو پانچ مغوی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈاکو مغویوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ اسی دوران پولیس کی بھاری نفری نے اطلاع ملتے ہی ملزمان کا تعاقب کیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہوئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل کچہ کے نامعلوم مسلح ملزمان نے عدیل سندھو نامی نوجوان کو کھیتوں کو پانی لگاتے،04 مزدروں کو آم کے باغ سے اغوا کیا تھا۔
پولیس کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ بھونگ،انچارج سی آئی اے بھونگ ،اور انچارج چوکی جمال دین والی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ٹیم کی جرات مندی اور دلیرانہ کامیاب کاروائی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی پولیس ٹیم کو شاباش دی جبکہ مغویوں کے ورثا نے شاندار الفاظ میں پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ عوام کی جان مال کی حفاظت پولیس کا فرض ہے جس کے لیے پولیس ہمہ وقت علاقہ میں الرٹ رہتے ہوئے موجود ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔