سویڈن میں قرآن پاک کی ایک بار پھر بے حرمتی، ان واقعات کا تسلسل سیاسی اور شیطانی ایجنڈا ہے: شہباز شریف

10:18 AM, 21 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے  تمام مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کا عزم کر لیا۔ 

  

قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے، او آئی سی کو امت مسلمہ کے احساسات کی ترجمانی پر کردار ادا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان واقعات کا تسلسل سیاسی اور شیطانی ایجنڈے کا حصہ ہے، عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس سازش کو روکنا ہوگا، یہ نفرت کا فروغ ہے جس کی عالمی قانون اجازت نہیں دیتا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اشتعال انگیز کارروائیاں ناجائز ہیں، بین الاقوامی قانون مذہب کی بنیاد پر نفرت پر اکسانے سے روکتا ہے۔

  

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبک واقعات قانونی، اخلاقی طور پر قابل مذمت ہیں، عالمی برادری اسلاموفوبک کارروائیوں کی مذمت کرے جب کہ پاکستان نے اپنے تحفظات سے سویڈش حکام کو آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہولم میں حال ہی میں قرآن کو ایک بار پھر نذر آتش کیا گیا۔   ایک شہری سلوان مومیکا کی جانب سے ایک بار پھر قرآن کی بے حرمتی کرتے ہوئےعراقی پرچم کی تذلیل کی گئی۔

سویڈن میں پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دیئے جانے پرعراقی دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول کر سویڈن کا سفارت خانہ بھی جلا دیا تھا۔

سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم میں حال ہی میں قرآن کو نذر آتش کرنے کے معاملے پر سفارتی تنازع شدت اختیار کرگیا جس کے پیش نظر عراقی حکومت نے بغداد میں سویڈن کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں