لاہور : ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا۔ دوست محمد مزاری نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ شرپسند عناصر اجلاس کی کارروائی روک رہے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے مراسلے میں 22 جولائی لکھ کر ایک دن قبل ہی بھاری سکیورٹی مانگ لی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا ہے کہ ایوان کے اندر بھی پولیس تعینات کی جائے گی۔
مراسلہ کے مطابق اجلاس کی کارروائی میں کچھ عناصر رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ۔ارکان اسمبلی اور سٹاف کی زندگی بھی خطرے میں ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اسمبلی سکیورٹی کے بجائے پولیس تعینات کی جائے۔ وزیراعلیٰ کا انتخاب عدالتی حکم کے مطابق پرامن بنانے کیلئے پولیس تعینات کی جائے۔ اس حوالے سے مراسلہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی بھیجا گیا۔
قبل ازیں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اجلاس کی صدارت کروں گا، الیکشن شفاف اور قانون کے مطابق کرواؤں گا، عدالت اور آئین نے انہیں الیکشن کروانے کی جو زمہ داری تقویض کی ہے اس کو ایمانداری سے پورا کروں گا۔